میرٹھ۔4 جولائی(سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کی ڈگری جعلی نکلی ہے ۔ہرمن پریت کور ہندوستانی ویمنز ٹی 20 ٹیم کی کپتان ہیں، انھیں گزشتہ برس انگلینڈ میں ٹیم کی ورلڈ کپ فائنل میں رسائی پر پنجاب پولیس نے ڈپٹی سپرینٹنڈنٹ کا عہدہ دیا تھا، جس پر محکمہ جاتی کارروائی کے تحت گریجویشن کی ڈگری جب میرٹھ کی چوہدری چرن سنگھ یونیورسٹی روانہ کی گئی تو انکشاف ہوا کہ وہ جعلی ہے۔یاد رہے کہ ہرمن پریت کو ہندوستان کا ایک اہم سویلین ایوارڈ ارجناایوارڈ گزشتہ برس دیا گیا ہے۔دوسری جانب کپتان کے افراد خاندان نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ ہرمن پریت نے موگا سے اسکول کی تعلیم مکمل کی جس کے بعد ہندوستانی ٹیم میں ان کا انتخاب ہوا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے باقی تعلیم دہلی اورمیرٹھ سے مکمل کی ہے۔علاوہ ازیں ہرمن کو اسی اسناد کی بنیاد پر ریلوئے میں ملازمت فراہم کی گئی ہے۔ہرمن پریت کے والد نے تمام الزامات کومسترد کردیا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی کھلاڑی کو اس کے شاندار مظاہرے پر کسی محکمہ میں ملازمت فراہم کی گئی ہواور پھر جعلی تعلیمی اسناد کے بعد اسے ملازمت سے برطرف کیا گیا ہو۔قبل ازیں رواں برس فبروری میں کامن ویلتھ گیمز کی گولڈ میڈل یافتہ کھلاڑی مندیپ کوربھی ڈی ایس پی کے عہدہ سے گریجویشن کی جعلی ڈگری کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے۔