کٹھوا میں فرقہ وارانہ جھڑپیں : فوج طلب

جموں 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوا میں آج فرقہ وارانہ جھڑپیں شروع ہوگئیں اور برہم ہجوم نے کئی چھوٹے موٹے کاروبار اور جائیداد و املاک کو نقصان پہونچایا ۔ اس کے بعد حکام نے فوج کو طلب کرلیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچانے کے واقعہ کے بعد یہ جھڑپیں شروع ہوئیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ کٹھوا ضلع کے جانو گاوں میں کچھ تخریب کاروں کی جانب سے گاؤ کشی کی اطلاع ملی ہے ۔ یہ اطلاع تیزی کے ساتھ پھیل گئی جس کے بعد احتجاجی عوام سڑکوں پر اتر آئے اور انہوں نے کئی چھوٹے موٹے ڈبوں اور دوکانوں کو نقصان پہونچایا اور انہیں نذر آتش کردیا ۔ اس کے بعد باضابطہ جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ ڈی آئی جی جموں ۔ کٹھوا رینج شکیل بیگ کے علاوہ دوسرے سینئر پولیس عہدیدار مقام واقعہ پر پہونچ گئے ہیں اور انہوں نے صورتحال کو قابو میں کیا ۔ کہا گیا ہے کہ جھڑپوں میں گیارہ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ برہم ہجوم نے سنگباری بھی کی اور چھ ڈبوں کو نذر اتش کردیا ۔ حکام نے دونوں فرقوں کے سینئر شہریوں اور قائدین کو طلب کیا اور ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرلیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ گاؤ کشی کے سلسلہ میں دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور جھڑپوں کے واقعات کے سلسلہ میں ایک علیحدہ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ صورتحال قابو میں بتائی گئی ہے ۔