حیدرآباد 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) بین الاقوامی شہرت یافتہ 74 ویں کل ہند صنعتی نمائش 2014 ء کا عام روایت سے ہٹ کر پہلی مرتبہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سینئر ریاستی وزیر انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی مسٹر پی لکشمیا یکم جنوری کو 5 بجے شام افتتاح کریں گے۔ ریاست کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر نمائش سوسائٹی نے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کو اِس بار افتتاح کے لئے مدعو کرنے سے گریز کیا ہے۔ آج یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نمائش سوسائٹی و ریاستی وزیر پنچایت راج مسٹر کے جاناریڈی نے بتایا کہ 74 ویں کل ہند صنعتی نمائش 15 فروری تک جاری رہے گی۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا چیف منسٹر نے اِس مرتبہ صنعتی نمائش کا افتتاح کرنے سے انکار کیا ہے تو اُنھوں نے کہاکہ ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ سوسائٹی نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سینئر وزیر کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ نمائش میں جملہ 2500 اسٹالس ہوں گے۔
ریاستی و مرکزی محکمہ جات کی جانب سے بھی مختلف اسٹالس قائم کئے جارہے ہیں۔ اِس بار کامنینی ہاسپٹل کے تعاون سے عوام کے لئے مفت طبی سہولت فراہم رہے گی جہاں مختلف ماہرین جیسے کارڈیالوجی، آرتھوپیڈک، گاینکالوجی، جنرل سرجری اور ڈرمٹالوجی کے طبی معائنہ کیمپ بھی رکھے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ نمائش کے دوران سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کئے گئے ہیں اور 200 سے زائد والینٹرس کو تعینات کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 7 جنوری کو یوم خواتین رہے گا۔ اِس مرتبہ نمائش میں حیدرآباد میٹرو ریل کا اسٹال عوام کی توجہ کا مرکز رہے گا کیونکہ پہلی مرتبہ حیدرآباد میٹرو ریل کوچ کو عوام کے مشاہدہ کے لئے رکھا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال داخلہ ٹکٹ کی شرح میں اضافہ کے بعد سوسائٹی کو جملہ 10 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی۔
پارکنگ کے مسئلہ کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ نمائش میدان کے روبرو سرکاری دفاتر اور دیگر مقامات پر پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نمائش سوسائٹی کو لیز پر اراضی نہیں مل رہی ہے، اگر ایسا ہو تو پارکنگ کامپلکس تعمیر کیا جائے گا۔ مسٹر جاناریڈی نے کہاکہ نمائش سوسائٹی میڈیکل کالج قائم کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔ اِس موقع پر مسرس اشوین مرگم سکریٹری، یاسر عرفات کنوینر میڈیا پبلسٹی اور بی ہریناتھ ریڈی اڈوائزر نمائش سوسائٹی بھی موجود تھے۔