منامہ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کویت کے شمالی علاقہ ارٹل ہائی وے پر بھیانک سڑک حادثہ ہوا جس میں 11 ہندوستانی سمیت 15 ورکرس کی ہلاک ہوئے۔ اتوار کی صبح ایشیائی ورکرس کو دو بسوں میں بھر کر لے جایا جارہا تھا کہ دونوں بسیں ایک دوسرے سے ٹکراگئیں۔ کویت میں بسوں کے ذریعہ ہزاروں لیبرس کو روزانہ ان کے کام کے مقام سے رہائشی جگہوں کو لے جایا جاتا ہے۔ کویت کے برقان آئیل فیلڈ کے قریب دو بسیں آپس میں متصادم ہوگئیں۔ مرنے والوں میں 11 ہندوستانی بتائے گئے ہیں۔ تاہم ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 7 ہندوستانی ہلاک ہوئے ہیں، دیگر 5 مصر کے شہری اور 3 پاکستانی ہیں۔ کویت آئیل کمپنی کے عہدیدار محمد البصری نے کہا کہ حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کرنل خلیل الامیر نے کہا کہ مہلوکین برقان ڈرلنگ کے ملازمین تھے جو کویت آئیل کمپنی کیلئے کام کرنے والی خانگی سب کنٹراکٹ کمپنی ہے۔ البصری نے کہا کہ زخمیوں میں 2 ہندوستانی شہریوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے اور ایک کویتی شہری ہے۔ دیگر 4 افراد دونوں بسوں کے ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔