دبئی ، یکم جولائی (یو این آئی) دارالحکومت کویت سٹی سے 15کلومیٹر جنوب میں فروانیا کے مضافات میں واقع ایک پرانی عمارت میں ا ٓگ لگنے سے 9 افراد ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ کویتی وزارت صحت نے بتایا کہ اس پرانی عمارت میں غیر ملکی ورکرز مقیم تھے ۔ اس آگ نے عمارت کو اپنی زد میں لے لیا ۔ 12 زخمیوں میں سے پانچ کی حالت نازک ہے ۔کویت میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہناہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ساری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ راحت و بچاؤ ٹیموں نے نعشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ کویت سٹی کے علاقے فروانیا کے ایک گھر میں آگ گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی ، جس میں پاکستان کے شہر میاں چنوں کے ایک ہی خاندان کے نو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ کویت میں پاکستانی سفیر متاثرہ افراد سے رابطے میں ہیں اور اسپتال میں طبی سہولتوں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مہلوکین میں محمدآصف، ان کی بیوی، 2 بیٹے ،2 بیٹیاں ، والدہ ، بھابی اور بھتیجہ شامل ہیں ۔