کے ٹی آر کے بیانات گمراہ کن، کانگریس کیلئے راہول کی قیادت ضروری
حیدرآباد ۔ 29۔ مئی (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کسان سل کے نائب صدر نشین این کودنڈا ریڈی نے نظام آباد میں کویتا کی شکست کو کسانوں میں ناراضگی کا نتیجہ قرار دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ گمراہ کن بیان بازی کے ذریعہ کسانوں کی توہین کر رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا تھا کہ کسانوں کے سبب کویتا کو شکست نہیں ہوئی۔ کودنڈا ریڈی نے بتایا کہ مسائل کی یکسوئی میں ناکامی پر کسان متحد ہوگئے اور انہوں نے 80 لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ کسان امیدواروں کو 90,000 سے زائد ووٹ حاصل ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرچ اور ہلدی کے کسان طویل عرصہ سے اپنے مطالبات کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ کے ٹی آر جس وقت وزیر تھے ، مرچ کے کسانوں پر مقدمات درج کئے گئے اور انہیں ہتھکڑیوں کے ساتھ عدالت میں پیش کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سیاسی قائدین قرار دینا افسوسناک ہے جبکہ کسانوں نے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے پر انتخابات میںحصہ لیا۔ کے سی آر کو اپنی دختر کی شکست کیلئے کسانوں کی ناراضگی کو تسلیم کرنا ہوگا۔ کودنڈا ریڈی نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ وہ نظام آباد کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آج تک کھمم میں کسانوں پر عائد کردہ مقدمات واپس نہیں لئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے کسانوں کی طاقت کو سمجھنے میں بھول کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک 35 فیصد کسانوں کو پٹہ پاس بک جاری نہیں کئے۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ پارٹی قائدین اور کارکن پوری طرح راہول گاندھی کے ساتھ ہے ۔