کویتا کو مرکزی کابینہ میں شامل کرنے کی کوشش

کے سی آر اب مودی اور وینکیا نائیڈو کی تعریفوں کے گن گا رہے ہیں : محمد علی شبیر
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ڈپٹی فلور لیڈر تلنگانہ کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر راؤ کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کو مفادات پر مبنی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ محض اپنی دختر کویتا کو مرکزی کابینہ میں شامل کرنے کے مقصد سے نریندر مودی کی تعریف کی جارہی ہے ۔ آج اسمبلی کے احاطے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ کل تک مسٹر وینکیا نائیڈو اور چندرا بابو نائیڈو کو مخالف تلنگانہ قرار دینے والے سربراہ ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج وینکیا نائیڈو کا مرکزی وزیر بننا دونوں تلگو ریاستوں کے لیے باعث فخر قرار دے رہے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے مرکزی وزارت میں اپنی دختر مسز کویتا کو شامل کرانے کے لیے دہلی میں سرگرم ہونے کا الزام عائد کیا اور گورنر سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے برقی کی اجرائی کے علاوہ اور دوسرے تنازعات پر بات نہ کرنے کی وجوہات طلب کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں چیف منسٹرس عوامی جذبات کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہوئے اپنے اپنے شخصی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ۔ ایسا لگتا ہے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے درمیان خفیہ سمجھوتہ ہوگیا ہے ۔ صرف عوام کو گمراہ کرنے کے لیے دونوں چیف منسٹرس ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ آندھرا پردیش سے پانی اور برقی حاصل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے اور تقسیم آندھرا پردیش کے بل میں تلنگانہ کے لیے جو وعدے کئے گئے تھے اس کو حاصل کرنے میں بھی ناکام ہیں ۔ سینکڑوں طلبہ و نوجوانوں نے اپنی زندگیاں قربان کی ہیں ۔ کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے ۔ تاہم اقتدار حاصل کرنے والے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مجاہدین کے خوابوں کی تعبیر کرنے اور ریاست کو سنہرے تلنگانہ ریاست میں تبدیل کرنے کے بجائے اپنے ذاتی مفادات اور ارکان خاندان کو فائدہ پہونچانے کے لیے کام کررہے ہیں ۔ ریاستی وزارت میں اپنے ارکان خاندان کو شامل کیا ۔ اسمبلی اور پارلیمنٹ میں اپنے ارکان خاندان کو منتخب کرایا ۔ اب مرکزی کابینہ میں اپنی دختر کو شامل کرانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے منشور میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے اپنے ارکان خاندان کو فائدہ پہونچانے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔۔