نئی دہلی ، 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کویت، تیونس اور فرانس میں پیش آئے ’’بزدلانہ‘‘ دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی ترقی نفرت اور بلاسوچے سمجھے تشدد کی بجائے امن اور بھائی چارہ میں مضمر ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا: ’’میری فکرمندی اور دعائیں ان خاندانوں اور متعلقین کے ساتھ ہیں جو فرانس، کویت اور تیونس میں بزدلانہ حملوں میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ انسانیت کی ترقی امن، بھائی چارہ اور عدم تشدد میں پنہاں ہے، نہ کہ اوروں کے خلاف نفرت، دہشت گردی اور بلاوجہ تشددمیں۔