پیرس۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وکیل استغاثہ اعلیٰ مارسیل نے جو جرمن ونگس ایرلائینس کے جیٹ طیارہ حادثہ کی تحقیقات کررہے ہیں، کہا کہ دستیاب ثبوتوں کی بناء پر انکشاف ہوا ہے کہ طیارہ کے معاون پائیلٹ نے دانستہ طور پر یہ مہلک حادثہ کیا تھا۔ کاک پٹ سے دستیاب وائس ریکارڈر سے نشاندہی ہوتی ہے کہ معاون پائیلٹ نے کیپٹن کے باہر جاتے ہی دروازہ اندر سے بند کرلیا تھا اور طیارہ کو فرانسیسی کوہ ِآلپس سے ٹکرا دیا ۔اس نے کمانڈر کے حکم کے باوجود کاک پٹ کا دروازہ کھولنے سے انکار کردیا اور بلندی میں کمی کرنے کا بٹن دبا دیا۔ وکیل استغاثہ برائس رابن نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ معاون پائیلٹ کی توجہ طیارہ کو تباہ کرنے پر مرکوز تھی۔ صدابند آلہ میں اس کی تیز تیز سانسوں کی آواز بھی ریکارڈ ہوگئی ہے۔