وشاکھا پٹنم ۔24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ونڈے کرکٹ میں سب سے تیز10 ہزاررن بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ونڈے میں اپنی اننگز کا81 واں رنز بنانے کے ساتھ ہی یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ کوہلی نے اپنی205 ویں اننگز میں یہ کامیابی حاصل کی جبکہ سچن اپنی259 ویں اننگز میں یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ کوہلی نے گوہاٹی میں پہلے ونڈے میں 140 رنز بنائے تھے اور دوسرے ونڈے میں81 رنز پر پہنچتے ہی وہ دنیا کے 13 ویں 10 ہزار رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے ۔ ہندوستانی بیٹسمینوں میں ان سے آگے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی 328 میچ، 10123 رنز، راہول ڈراویڈ 244 میچ، 10889، سورو گنگولی 311 میچ، 11363، سچن تندولکر 463 میچ، 18426رنز ہیں ہیں۔10 ہزار رن بنانے والے دیگر بیٹسمینوں میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا (14234)، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ (13704)، سری لنکا کے سنت جے سوریہ (13430)، سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے (12650)، پاکستان کے انضمام الحق (11739)، جنوبی افریقہ کے جیکس کیلس (11579)، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا (10405) اور سری لنکا کے تلک رتنے دلشان (10290) شامل ہیں۔قبل ازیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان نے یہاں دوسرے ونڈے میں ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کوہلی کی سریز میں متواتر دوسری سنچری کی بدولت 321 رنز اسکور کئے اور اسے 6 کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ہندوستان کے لئے کوہلی پھر ایک مرتبہ اسٹار ثابت ہوئے جیسا کہ انہوں نے 129 گیندوں میں 4 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 157 رنز اسکور کئے ۔ہندوستانی ٹیم کا آغاز بہتر نہیں ہوا کیونکہ گزشتہ مقابلے میں سنچری بنانے والے اوپنر روہت شرما 4 رنز بناکر ہی آوٹ ہوئے جس کے بعد شکھر دھون 29 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم امباٹی رائیڈو نے 73 رنز کی اننگز کھیل کر کپتان کا بہتر ساتھ نبھایا۔ویسٹ انڈیز کے لئے نرس اور میکائے نے فی کس 2 کھلاڑیوں کا آوٹ کیا۔