موہالی ۔ /27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹائیٹل کیلئے پسندیدہ ہندوستان آج رات آسٹریلیا کو 6 وکٹس سے سنسنی خیز شکست دے کر ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں پہونچ گیا ہے ۔ مین آف دی میچ ویراٹ کوہلی نے جارحانہ اننگ کھیلی اور آخری 4 اوور میں میچ کا رخ بدل دیا ۔ انہوں نے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 51 گیندوں میں 82 ناٹ آؤٹ رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کو 160/6 پر محدود کرنے کے بعد ہندوستان نے کامیابی کیلئے درکار نشانہ 19.1 اوورس میں پورا کرلیا ۔ کپتان دھونی (18ناٹ آوٹ) نے وننگ شاٹ لگائی ۔ ان کے علاوہ یوراج سنگھ نے 21 رنز بنائے اور مجموعی طور پر ہندوستان نے 161/4 کے ذریعہ میچ جیت لیا۔ اس سے پہلے فنچ 43 ، میکس ویل 31 اور خواجہ 26 کی بدولت آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورس میں 160 رنز بنائے تھے ۔ ہندوستان کی شروعات ناقص رہی اور اسے آخری 3 اوورس میں 39 رنز بنانے تھے ۔ کوہلی نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے کامیابی کو یقینی بنایا ۔ اب ہندوستان کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل میں /31 مارچ (ممبئی) کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا ۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کا مقابلہ /30 مارچ (نئی دہلی) کو پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ہوگا ۔