کوہلی اور انوشکا کی میلان میں شادی؟

نئی دہلی7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور بالی ووڈ ایکٹریس انوشکا شرما نے آخرکار شادی کا فیصلہ کرلیا جس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی لیکن ذرائع کے مطابق شادی کی نجی سطح پر ہونے والی تقریبات 9 تا 12دسمبر اٹلی کے شہر میلان میں ہوں گی جہاں کسی بھی کرکٹر کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ سری لنکا کیخلاف ونڈے سیریز میں آرام کرنے والے کوہلی میلان جانے کیلئے تیار ہیں جبکہ انوشکا شرما نے بھی فلموں کی شوٹنگ فی الحال روک دی ہے۔ اس جوڑی کے دوستوں کیلئے استقبالیہ تقریب 21 دسمبر کو ممبئی میں رکھی گئی ہے۔دریں اثناء بالی ووڈ ایکٹریس انوشکا شرما کی تشہیری مہم چلانے والے بھی ان کی شادی سے لاعلم ہیں اور انوشکا کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان افواہوں میں قطعی کوئی سچائی نہیں، واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی اس جوڑے کی شادی کا شور ہوا تھا لیکن اس میں درحقیقت کوئی صداقت نہیں تھی اور یہ معاملہ اسی دوران خبروں کی زینت بننے کے بعد ختم ہوگیا تھا۔یاد رہے کہ کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما نے بھی دہلی کی انڈر23 ٹیم کی کوچنگ سے یہ کہتے ہوئے رخصت لی ہے کہ ان کے بھتیجے کی شادی ہے اور اس پہلو کو بھی کوہلی اور انوشکا کی شادی سے جوڑا جا رہا ہے۔