کوکٹ پلی حلقہ اسمبلی سے بی جے پی ذہن کے امیدوار کو کانگریس کا ٹکٹ

ٹی آر ایس امیدوار سیکولرذہن امیدوار، فصیح الدین بابا صدر تلنگانہ طلبہ تنظیم گریٹر حیدرآباد کا بیان

حیدرآباد 26 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ طلبہ تنظیم کے صدر گریٹر حیدرآباد مسٹر بابا فصیح الدین نے کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے فرقہ پرست چہرہ دکھاتے ہوئے کوکٹ پلی سے بی جے پی امیدوار کو ٹکٹ دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس نے جس امیدوار کو کوکٹ پلی سے ٹکٹ دیا ہے وہ فرقہ پرست ذہن رکھتے ہیں۔ جبکہ ان کے مقابل ٹی آر ایس نے ایک سیکولر کردار والے قائدبی پدما راؤ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مسلمانوں کو چاہئے کہ فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دیں اور پدما راؤ کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ اُنھوں نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے نرسمہا یادو کو ٹکٹ دے کر مسلمانوں سے ووٹ مانگنے کے حق سے محروم ہوگئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نرسمہا یادو جو سابق میں بی جے پی میں تھے، کارپوریٹر تھے، جس کے بعد اُنھوں نے پی آر پی اور بعدازاں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اُنھوں نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ بحیثیت بوئن پلی کارپوریٹر اُنھوں نے مسلم علاقوں کو نظرانداز کردیا تھا۔ اگر وہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوں تو مسلم مسائل تعطل اور لاپرواہی کا شکار ہوجائیں گے اور مسلمانوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اُنھوں نے عوام بالخصوص کوکٹ پلی حلقہ کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور پدما راؤ کو کامیاب بنائیں۔