برمنگھم ۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام )کپتان وراٹ کوہلی اور کوچ انل کمبلے کے تنازعہ میں الجھی ہندوستانی ٹیم کل جب یہاں دیرینہ حریف پاکستان کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ’’عظیم مقابلے‘‘میں اپنے خطاب کا دفاع کرنے کے آغازکرنے کی غرض سے اترے گی تو اس کے سامنے داخلی مسائل کے ساتھ ساتھ پاکستان کا سخت چیلنج بھی ہوگا۔ہندستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے گروپ بی کے اس ھائی وولٹیج مقابلے پر پوری دنیا کی نظریں ٹکی ہوئی ہیں ۔ اس مقابلہ کے لئے پہلے ہی ھاؤس فل کا اعلان ہو چکا ہے ۔ دفاعی چمپئن ہندستان کو اس مقابلے میں اس کی حالیہ کارکردگی کی وجہ سے کامیابی کا دعویدار مانا جا رہا ہے لیکن ٹورنمنٹ سے عین قبل ،کوہلی اور کمبلے کے درمیان تنازعہ نے ہندوستانی مداحوں کے ماتھے پر تشویش ظاہرکردی ہے ۔ہندستان نے چیمپئنز ٹرافی سے پہلے اپنے دو پریکٹس میچوں میں نیوزی لینڈ کو45 رنوں سے اور بنگلہ دیش کو240 رنوں سے شکست دے کر یہ تو ظاہر کردیا تھا کہ اس کی تیاریاں مضبوط ہیں لیکن جب بات اہم ٹورنمنٹ کی ہو اور سامنے پاکستان جیسا پراناحریف ہو، تو ڈریسنگ روم کا ماحول پرسکون اور خوشگوار ہونا چاہیے تاکہ کھلاڑی بغیر کسی دباؤ کے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرسکیں۔پریکٹس میچوں کے دوران کوہلی نے اور اس کے بعد ڈنر کیلئے جاتے ہوئے کھلاڑیوں نے خود کو خوشگوار ماحول میں رکھا ہے لیکن کوہلی اور کمبلے کے درمیان تلخیاں دیکھی گئیں ایک وقت جب کمبلے میدان پر آئے تو کوہلی وہاں سے چلے گئے ۔ ہندستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات طویل عرصے سے منقطع ہیں اور پاکستانی ٹیم ہندستان کو چیلنج دینے کے لئے بیتاب ہے ۔
چیمپئنز ٹرافی کے ریکارڈ میں پاکستان فی الحال بہتر ہے ۔ اس کا ہندستان کے خلاف 1-2 کا ریکارڈ ہے ۔ اگرچہ انگلینڈ میں ہوئی پچھلی چیمپئنز ٹرافی میں ہندستان نے انگلینڈ میں ہی پاکستان کو شکست دی تھی۔ ہندستان کے لئے ایک بڑی تشویش اس کی اوپننگ جوڑی ہے ۔ شکھر دھون نے تو فارم میں واپسی کر لی ہے لیکن روہت شرما صرف جدوجہد ہی کررہے ہیں۔ روہت کی آئی پی ایل میں بھی کارکردگی کوئی بہت اچھی نہیں رہی تھی۔کپتان کوہلی اچھی فارم میں ہیں لیکن اجنکیا رہانے اور کیدار جادھو پر سوالیہ نشان ہے۔آل راؤنڈر یوراج سنگھ بخار سے اس وقت فٹ ہیں ۔ وکٹ کیپر دنیش کارتک نے پریکٹس میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف 94 رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر آخری گیارہ کھلاڑیوں کیلئے اپنی دعویداری مضبوط کرلی۔ہاردک پانڈیا نے بھی ناقابل شکست 80 رن بنا کر آل راؤنڈر کے طور پر اپنی جگہ مضبوط کر لی ہے ۔ فاسٹ بولنگ شعبہ جس نے دونوں پریکٹس میچوں میں نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو شکست دی۔ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بھونیشور کمار زبردست فارم میں ہیں۔ محمد سمیع اور امیش یادو کی گیندیں بھی آگ اگل رہی ہیں۔جسپریت بمراہ نے اپنی یارکر سے بیٹسمینوں کو پریشان کیا ہے ۔ ہاردک پانڈیا آل راؤنڈر کی حیثیت سے اپنی افادیت ثابت کر چکے ہیں۔ ہندستانی ٹیم مینجمنٹ کے سامنے ایک بڑا سوال رہے گا کہ بھونیشور، امیش یادو، محمد سمیع، بمراہ اور پانڈیا میں سے کن چارفاسٹ بولروں کے ساتھ میدان پر اترے ۔دو اسپنروں کیلئے آل راؤنڈر اور اسپنر رویندر جڈیجہ اور آف اسپنر روی چندرن اشون کی دعویداری بھی پختہ ہے ۔ دوسری طرف پاکستان کے پاس محمد حفیظ، شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد کے طور پر تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ ہندستان کو خاص طور پر فہیم اشرف سے محتاط رہنا ہوگا جو بڑے شاٹ کھیلنے میں استاد مانے جا رہے ہیں۔ اشرف نے بنگلہ دیش کے خلاف محض 30 گیندوں میں چار چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے ناقابل شکست 64 رن بنائے تھے ۔پاکستان کی بولنگ میں فاسٹ بولر وہاب ریاض سب سے زیادہ تجربہ کار ہیں جبکہ جنید خان نے بنگلہ دیش کیخلاف چار وکٹ حاصل کی ۔ ہندستان کے زیادہ تر کھلاڑیوں نے پاکستانی کئی نوجوان کھلاڑیوں کا سامنا نہیں کیا لیکن دوسرے پریکٹس میچ کے بعد ملے تین چار دن میں پاکستانی بولنگ کا مکمل تجزیہ کر لیا ہوگا۔