کوچی کی بجائے تھرو اننتا پورم ‘ کوزی کوڈ سے پروازیں

ممبئی 17 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی ائر لائینس ائر انڈیا اور ائر انڈیا ایکسپریس نے آج کہا کہ ان کی جو پروازیں کوچی سے متعلق تھیں اب انہیں تبدیل کیا جا رہا ہے اور یہ پروازیں تھرواننتا پورم اور کوزی کوڈ سے چلائی جائیں گی ۔ کوچی ائرپورٹ کو کیرالا میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے 26 اگسٹ تک بند کردیا گیا ہے ۔ ائر انڈیا نے کہا کہ تھرو اننتا پورم سے اس کی پروازوں کا شیڈول 18 تا 20 اگسٹ رہے گا جبکہ ائر انڈیا ایکسپریس نے مکمل 26 جون تک کیلئے اپنے شیڈول کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ائر انڈیا ایکسپریس کی جانب سے کوچی سے مشرق وسطی کیلئے یومیہ سات پروازیں چلائی جاتی ہیںاب یہ ائرپورٹ بند کردیا گیا ہے ۔ ان سات پروازوںمیں پانچ مسقط ‘ صلالہ ‘ ابو ظہبی ‘دوبئی اور دوحہ کو جاتی ہیں ۔ اب یہ پروازیں تھرو اننتا پورم سے روانہ کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ شارجہ اور بحرین کیلئے اس کی پروازیں کوزی کوڈ سے روانہ کی جائیں گی ۔ علاوہ ازیں ائر انڈیا ایکسپریس نے ان ایام میں ٹکٹس میں تبدیلی ‘ منسوخی ‘ غیر حاضری ‘ سیکٹر تبدیلی وغیرہ کیلئے کسی طرح کا جرمانہ عائد نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور یہ سبھی پروازوں کیلئے رہے گا ۔