جے پور، 2فروری (سیاست ڈاٹ کام) انکم ٹیکس محکمہ نے راجستھان کے اہم ایلن کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے 40 سے زائد ٹھکانوں پر چھاپہ مارا ہے ۔محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع کے مطابق آج علی الصبح تقریباًپانچ بجے ایک ساتھ مارے گئے چھاپے کی وجہ انسٹی ٹیوٹ کے مالکان میں افرا تفری مچ گئی۔ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے شروع کی گئی اس کارروائی میں شاید راجستھان کی تاریخ میں سب سے بڑا چھاپہ ماراگیاہے جس کے تحت ایک ہی تعلیمی ادارے کے 40 ٹھکانوں پر چھاپہ مارنے کی کارروائی کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس کے پرنسیپل ڈائریکٹر وریندر سنگھ کی ہدایت میں ادارے کے مالک برجیش مہیشوری ، گووند مہیشوری، نوین مہیشوری اور راجیش مہیشوري کی رہائش گاہوں پر ایک ساتھ چھاپے مارے گئے ۔چھاپے کی اس کارروائی میں انسٹی ٹیوٹ کے راجستھان میں جے پور، جودھپور، کوٹہ، بھیلواڑا اور ادے پور سمیت تقریباً 27مقامات کے علاوہ ملک کے چنڈی گڑھ اور احمد آباد میں بھی دبش دی گئی۔چھاپے کی اس کارروائی میں انکم ٹیکس محکمہ کے 300 سے زائد ملازمین شامل ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ ادارے کی طرف سے اپنے مالکوں کی تنخواہ میں سالانہ 300 سے چار سو ضرب تک اضافے کیا جاتاہے لیکن ٹرسٹ کی آڑمیں دیگر ٹیکس کو چھپا لیا جاتا ہے ۔