کوٹہ کا فیصلہ قانونی پہلوؤں کے تابع : این سی پی

ممبئی ، 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی نے آج کہا کہ مسلمانوں اور مراٹھا لوگوں کو حکومت ِ مہاراشٹرا کی جانب سے ریزرویشن کی فراہمی کا فیصلہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا اور اعتماد ظاہر کیا گیا کہ یہ عدالتوں میں برقرار رہ سکے گا۔ این سی پی ترجمان نواب ملک نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ یہ فیصلہ عدالتوں کی آزمائش سے کامیابی سے گزر جائے گا کیونکہ تمام قانونی پہلوؤں کو ملحوظ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اگرچہ بی جے پی ۔ سینا نے ریزرویشن کے اقدام کی جزوی تائید کی ہے ، لیکن اپوزیشن پارٹیاں ایسا امکان ہے کہ مراٹھا اور مسلم ریزرویشن کیخلاف پی آئی ایل کے ذریعہ حکومت کو بالواسطہ نشانہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ ریاستی کابینہ نے کل مراٹھا لوگوں کیلئے 16 فیصد اور مسلمانوں کے لئے سرکاری نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں 5فیصد تحفظات کی منظوری دی تھی۔