کووند کو تلنگانہ تلگو دیشم کی بھی تائید

پارٹی سربراہ کی پالیسی پر عمل پیرا ، جی موہن راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 4۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگو دیشم کے رکن راجیہ سبھا جی موہن راؤ نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی مرکز میں این ڈی اے کی حلیف جماعت ہے اور پارٹی کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو نے صدارتی عہدہ کیلئے رامناتھ کووند کی امیدواری کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے۔ رامناتھ کووند نے آج تلنگانہ میں بی جے پی ، ٹی آر ایس ، تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ سے ملاقات کرتے ہوئے 17 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں تائید کی اپیل کی۔ رکن پارلیمنٹ موہن راؤ نے کہا کہ رامناتھ کووند مختلف جماعتوں کی تائید کے حصول کیلئے حیدرآباد پہنچے تھے اور انہوں نے تلگو دیشم سے بھی تائید کی اپیل کی۔ موہن راؤ کے مطابق مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو اور بی جے پی جنرل سکریٹری مرلی دھر راؤ نے ارکان پارلیمنٹ اور مقننہ کو ووٹنگ کے طریقہ کار کی تفصیلات سے واقف کرایا ہے ۔ تلنگانہ میں تلگو دیشم کے تین ارکان اسمبلی اور راجیہ سبھا کے دو ارکان ہیں۔ لوک سبھا کے رکن ملا ریڈی جو تلگو دیشم کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے ، انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اسی دوران تلنگانہ بی جے پی کے صدر کے لکشمن نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور بائیں بازو نے اپنے وجود کا احساس دلانے کیلئے میرا کمار کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی تاریخ گواہ ہے کہ اس نے بی آر امبیڈکر اور میرا کمار کے والد بابو جگجیون رام کو مختلف مواقع پر شکست سے دوچار کیا ۔