کون سے پرندے اڑ نہیں سکتے؟

بچو! پرندوں کے بارے میں یہی خیال کیا جاتا ہے کہ جب ان کے بال اور پر ہوتے ہیں تو وہ اڑتے بھی ضرور ہوں گے لیکن بعض پرندوں کی یہ بدقسمتی ہے کہ وہ اڑ نہیں سکتے ۔ ان کے بارے میں سائنس دانوں کی یہ رائے ہے کہ ان پرندوں نے ہزاروں سال سے اپنے پروں کو استعمال کرنا چھوڑ دیا ہے جو پرندے اڑ نہیں سکتے ۔ ان میں پینگوئن بھی شامل ہے ۔
یہ پرندہ سمندر کے کنارے رہتا ہے اور اپنا زیادہ وقت پانی میں گذارتا ہے ۔ اس کا پنکھ اب چپو میں تبدیل ہوگیا ہے جو اسے تیرنے میں مدد دیتا ہے ۔ اس کے بدن کی ساخت بھی بدل گئی ہے اور اب وہ اڑنے کے قابل نہیں رہا ۔ کیوی ، جس کا اصل وطن نیوزی لینڈ ہے ، اڑنے کی اہلیت نہیں رکھتی ۔ اس کے پنکھ بہت ہی چھوٹے ہوتے ہیں ۔ اس کے جسم پر جو پر ہوتے ہیں وہ بالوں کی طرح نظر آتے ہیں ۔ یہ صرف راتوں کو نکلتی ہے اور کیڑے مکوڑے سونگھ کر ان کو اپنی خوراک بناتی ہے ۔ یہ درختوں کی جڑکے نیچے سوراخ بناکر رہتی ہے ۔ انڈونیشیا میں ایک پرندہ ، جس کا نام کسواری ہے وہ بھی اڑ نہیں سکتا ۔ لیکن یہ انتہائی خطرناک ہے یہ جنگل میں رہتا ہے اور کسی انسان یا جانور سے نہیں ڈرتا ۔ اپنے بڑے بڑے پاؤں کے نوکیلے پنجوں سے فوراً حملہ کردیتا ہے ۔ دنیا کا سب سے بڑا پرندہ جو اڑ نہیں سکتا وہ شترمرغ ہے ۔ اس کا اصل وطن افریقہ ہے اور یہ آٹھ فٹ تک اونچا ہوتا ہے ۔