حیدرآباد 5 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کے کانگریس امیدوار کونڈہ ویشویشور ریڈی نے آج آنجہانی بابو جگجیون رام کی یوم پیدائش تقاریب میں حصہ لیا۔ اُنھوں نے اپنے حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے ویشویشور ریڈی کو تائید کا یقین دلایا ہے۔ 7 اسمبلی حلقوں سے تعلق رکھنے والے سی پی آئی قائدین اور مدیراج سنگم کے ذمہ داروں نے ویشویشور ریڈی کی تائید کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے راجندر نگر میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ کونڈہ ویشویشور ریڈی نے بابو جگجیون رام کی 112 ویں جینتی تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ وہ دوبارہ منتخب ہونے پر خود کو عوام کی خدمت میں وقف کردیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ پہلی میعاد کے دوران اُنھوں نے چیوڑلہ کے بنیادی مسائل کی یکسوئی پر توجہ دی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت نے ضلع سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ ویشویشور ریڈی نے کہاکہ علاقائی جماعت سے تعلق رکھتے ہوئے قومی سطح پر اپنی شناخت نہیں بنائی جاسکتی اور نئی دہلی میں علاقائی جماعتوں کو زاید اہمیت نہیں ملتی۔ لہذا وہ کانگریس پارٹی کے امیدوار کے طور پر مقابلہ کررہے ہیں تاکہ مرکز سے زاید فنڈس اور پراجکٹس کی منظوری حاصل کرسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے اور تلنگانہ کی ترقی کے لئے خصوصی فنڈس کا اعلان کیا جائے گا۔ اُنھوں نے ٹی آر ایس اور اُس کے سربراہ کے سی آر پر الزام عائد کیاکہ وہ اپوزیشن کی آواز کچلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دولت اور طاقت کے استعمال سے متاثر نہ ہوں۔ چیوڑلہ کی مسلم تنظیموں نے بھی ویشویشور ریڈی کی تائید کا اعلان کیا۔