کونڈا ویشویشور کی نسبتی بہن کا نام ووٹر لسٹ سے حذف

شوبھنا کامنینی برہم ، نا انصافی برداشت نہ کرنے کا اعلان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : لوک سبھا انتخابات کے لیے رائے دہی کے پہلے مرحلہ میں یہ دیکھا گیا ہے کہ کئی لوگوں کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل نہیں ہیں۔ ان لوگوں میں اپالو ہاسپٹل کی شوبھنا کامنینی بھی شامل ہیں ۔ وہ بیرون ملک میں تھیں لیکن اپنے حق رائے دہی کے لیے حیدرآباد واپس ہوئیں تھیں ۔ جب وہ حیدرآباد میں واقع ایک مرکز رائے دہی پہنچی تو انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی کہ فہرست رائے دہندگان میں ان کا نام ہی شامل نہیں ہے۔ اپنا نام فہرست رائے دہندگان میں موجود نہ رہنے پر وہ کافی برہم ہوگئیں ان کا کہنا تھا کہ ایک ہندوستانی شہری کی حیثیت سے ان کے لیے یہ ایک بدترین دن ہے ۔ وہ بیرونی دورہ مختصر کر کے صرف ووٹ ڈالنے کے لیے حیدرآباد واپس ہوئی تھیں ۔ شوبھنا کامنینی نے بتایا کہ پولنگ بوتھ پہنچنے پر انہیں بتایا گیا کہ ان کا نام فہرست رائے دہندگان سے حذف کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ شوبھنا کامنینی اپالو ہاسپٹل کے صدر نشین پرتاب سی ریڈی کی بیٹی اور پارلیمانی حلقہ چیوڑلہ کے کانگریسی امیدوار کونڈا ویشویشور ریڈی کی نسبتی بہن ہیں ۔ شوبھنا نے مزید بتایا کہ انہوں نے پچھلے سال دسمبر کے اسمبلی انتخابات میں اس بوتھ پر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا ۔ انہوں نے برہمی کے انداز میں سوال کیا کہ آیا میرا اس ملک کے شہریوں میں شمار نہیں ؟ آیا میرا ووٹ اہم نہیں ہے ؟ یہ میرے خلاف ایک جرم ہے اور ایک ہندوستانی شہری کی حیثیت سے میں اسے ہرگز برداشت نہیں کروں گی ۔۔