بچو! ڈولفن مچھلیوں کی انسانوں سے دوستی مشہور ہے ۔ یہ بہت جلد انسانوں سے مانوس ہوجاتی ہیں ۔ بہت ذہین ہوتی ہیں ۔ اپنی منفرد خوبیوں کی وجہ سے بچوں اور بڑوں دونوں کی پسندیدہ ہیں ۔ ان میں سیکھنے کی صلاحیت دوسرے آبی جانوروں سے کہیں زیادہے ۔یہی وجہ ہے کہ انہیں مختلف کرتبوں کیلئے سدھایا جاتا ہے ۔ ڈولفن مچھلیاں پانی سے ہوا میں چھلانگ لگانے کیلئے کافی مشہور ہیں ۔ یہ 26 فٹ بلند چھلانگ لگاسکتی ہیں ۔
انسانوں کے بعد ڈولفن وہ جاندار ہے ‘ جس کی یادداشت سب سے بہترین ہوتی ہے ۔ یہ مچھلی سمندر کے علاوہ دریاؤں میں بھی پائی جاتی ہے ۔ ڈولفن مچھلیاںبہت منظم انداز میں گروہ بنا کر رہتی ہیں ۔ ایک گروہ میں ایک ہزار تک ڈولفن ہوتی ہیں ۔ یہ ایک دوسرے کا بہت خیال رکھتی ہیں اور مختلف آوازیں نکال کر ایک دوسرے سے رابطہ میں رہتی ہیں ۔ یہ ہر کام بہت منصوبہ بندی کے ساتھ کرتی ہیں ۔ اور دس سے بارہ پونڈ کی سالم مچھلی ایک ہی حملے میں نگل لیتی ہیں ۔ ان کے دانت بہت تیز ہوتے ہیں ۔ صرف ایک جبڑے میں 36 سے 52 دانت ہوتے ہیں ۔ وہ اپنے بچوں کی باقاعدہ تربیت کرتی ہیں ۔ اس خوبصورت مخلوق کو بہت سے خطرات درپیش ہیں ۔ جنوبی ایشیاء کے دریاؤں میں بڑھنے والی آلودگی ان کی نابینا ہونے کی اصل وجہ ہے ۔ سمندروں میں چلنے والے بحری جہازوں سے نکلنے والا تیل اور گندگی بھی ان کی جان کی دشمن ہے ۔