کونسل کے گریجویٹ کوٹہ کیلئے کانگریس کے 2 امیدواروں کا اعلان

حیدرآباد 24 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس نے ایم ایل سی گریجویٹ کوٹہ کیلئے آج دو امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پونالہ لکشمیا نے سینئر کانگریس قائدین اور 6 اضلاع کے پارٹی حلقوں میں مشاورت کے بعد اِس فیصلہ کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ اضلاع حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر گریجویٹ کونسل حلقہ کیلئے ٹی ایم ملنّا اور محبوب نگر گریجویٹ اور اضلاع نلگنڈہ، ورنگل اور کھمم کے لئے روی گپتا کانگریس امیدوار ہوں گے۔ روی گپتا کا تعلق ضلع محبوب نگر اور ملنّا کا تعلق ضلع نلگنڈہ سے ہے۔ اے آئی سی سی سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس پارٹی اُمور ڈاکٹر کنٹیا 25 فروری کو گاندھی بھون میں اِن دو امیدواروں کو بی فارم پیش کریں گے۔