کونسل کے نتائج حکومت کے خلاف عوامی برہمی کا ثبوت

لوک سبھا کے نتائج بھی حکومت کے خلاف ہوں گے، ریونت ریڈی کی پیش قیاسی
حیدرآباد ۔ 27۔ مارچ (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے کانگریس امیدوار ریونت ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کونسل کے نتائج کی طرح ٹی آر ایس کے خلاف رہیں گے ۔ ریونت ریڈی نے آج حلقہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے سرکاری ملازمین ، اساتذہ اور طلبہ نے قانون ساز کونسل کی تین نشستوں پر ٹی آر ایس کو بدترین شکست سے دوچار کیا ہے ۔ عوام نے ٹی آر ایس کو مسترد کرتے ہوئے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے گریجویٹ اور ٹیچرس رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی نتائج سے کے سی آر بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور تازہ ترین فیصلہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کی گئی تھی لیکن گریجویٹ اور ٹیچرس کے زمرہ میں بیالیٹ پیپر کے سبب بے قاعدگیاں نہیں چل سکی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر خاندان کے تسلط کو مزید برداشت کرنے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں ملا ریڈی نے ملکاجگیری کی ترقی کو نظر انداز کردیا۔ ریونت ریڈی نے ریمارک کیا کہ کونسل کے انتخابات میں عوام کی جیت ہوئی ہے۔