کونسل کی 5 نشستوں کے انتخابات پر تجسس

پانچویں نشست پر ہر کسی کی نظر،
کانگریس کیلئے نشست کا حصول آسان نہیں
حیدرآباد ۔ 26۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ارکان اسمبلی زمرہ کی پانچ نشستوں کے انتخابات کے سلسلہ میں دن بہ دن تجسس بڑھتا جارہا ہے ۔ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے برسر اقتدار ٹی آر ایس چار نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے لیکن اس نے حلیف جماعت مجلس کے ساتھ مل کر پانچ نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کیا۔ کانگریس ایک نشست پر مقابلہ کر رہی ہے۔ اس طرح کونسل کا انتخاب دلچسپ شکل اختیار کرچکا ہے ۔ سیاسی حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ آیا کانگریس پارٹی ایک نشست پر کامیابی حاصل کر پائے گی یا پھر چیف منسٹر سیاسی داؤ پیچ کے ذریعہ کونسل سے کانگریس کا مکمل صفایا کردیں گے ۔ کانگریس کے ارکان کی تعداد 19 ہے اور وہ تلگو دیشم کے دو ارکان کی تائید سے ایک نشست پر کامیابی حاصل کر سکتی تھی ۔ تلگو دیشم کے ایک رکن ایس وینکٹ ویریا کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات گرم ہیں ، لہذا کانگریس امیدوار کو ان کی تائید حاصل ہونا مشکل ہے ۔ 105 ارکان کے ذریعہ ٹی آر ایس پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے لیکن حلیف جماعت کے ارکان کو ملا لیں تب بھی 7 ارکان کی کمی رہے گی۔ ان حالات میں اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر تمام پانچ امیدوار وں کی کامیابی کیلئے کانگریس میں انحراف کی حوصلہ افزائی کرسکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس پارٹی سے سینئر قائدین میں کوئی بھی کونسل کے لئے مقابلہ کرنے تیار نہیں۔ پارٹی نے اگرچہ اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا لیکن یہ مقابلہ محض رسمی نوعیت کا دکھائی دے رہا ہے ۔