13فبروری کو اعلامیہ کی اجرائی ‘ 9مارچ کو رائے دہی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے آندھراپردیش کی پانچ ، تلنگانہ کی ایک اور بہار کی چار ایم ایل سی نشستوں کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا ہے ۔ تلنگانہ میں ٹیچرس زمرہ کی ایک نشست کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا گیا۔ محبوب نگر ، رنگا ریڈی اور حیدرآباد اضلاع پر مشتمل ٹیچر زمرہ کے ایم ایل سی کے جناردھن ریڈی کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے ۔ اس کے علاوہ آندھراپردیش میں گریجویٹ زمرہ کی تین اور ٹیچر زمرہ کی دو نشستوں کیلئے بھی انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق آندھراپردیش میں گریجویٹ زمرہ میں ایم وی ایس شرما ، وائی سرینواسلو ریڈی اور ڈاکٹر گیانند کے علاوہ ٹیچرس زمرہ میں وی بالا سبرامنیم اور بی پلیا کی میعاد بھی ختم ہورہی ہے ۔ دونوں ریاستوں میں جملہ 6 ایم ایل سی نشستوں کیلئے 9 مارچ کو رائے دہی ہوگی۔ 13 فروری کو انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور 20 فروری تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 21 فروری کو پرچہ جات نامزدگی کی جانچ ہوگی اور 23 فروری پرچہ جات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی ۔ 9 مارچ کو صبح 8 تا 4 بجے شام رائے دہی کا وقت مقرر کیا گیا ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی 15 مارچ کو ہوگی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ نشستوں پر 18 مارچ تک انتخابی عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی متعلقہ اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق فوری اثر کے ساتھ نافذ ہوجائے گا ۔ الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول کے ساتھ ہی تلنگانہ میں اضلاع حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے ۔ اس کے علاوہ آندھراپردیش میں سریکاکلم ، وجئے نگرم ، وشاکھاپٹنم ، پرکاشم ، نیلور ، چتور ، کڑپہ ، اننت پور ، کرنول اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ عمل میں آئے گا ۔