حیدرآباد ۔ 25 فبروری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے انتخابات کیلئے وزیرداخلہ محمد محمود علی اور ٹی آر ایس کے دیگر فری سبھاش ریڈی ، ستیہ وتی راتھوڑ اور ای ملیشم نے پیر کو پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ ریاستی اسمبلی کے ارکان 12 مارچ کو دو سالہ میعاد کیلئے ہونے والے کونسل کے انتخابات میں حکمراں ٹی آر ایس نے اپنے چار امیدواروں کو نامزد کرتے ہوئے پانچویں نشست اپنی حلیف جماعت مجلس کیلئے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کونسل کے پانچ ارکان کی میعاد 29مارچ کو ختم ہورہی ہے جس کے پیش نظر یہ انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں ۔ مجلس نے مرزا ریاض الحسن آفندی کو اپنا امیدوار نامزد کی ہے جو جی ایچ ایم سی میں دبیرپورہ کے مجلس کارپوریٹر ہیں ۔ 119رکنی اسمبلی میں ٹی آر ایس کے 88ارکان ہیں ۔ ایک آزاد اور آل انڈیا فارورڈ بلاک کے ایک رکن نے بھی ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس دوران کانگریس کو قانون ساز کونسل میں نمائندگی سے محرومی کا اندیشہ پر فکرہے کیونکہ اس کے دوارکان محمد علی شبیر اور پی سدھاکر ریڈی کی میعاد ختم ہورہی ہے ۔ کانگریس کے 19ارکان ہیں اس کے امیدوار کی کامیابی کیلئے تلگودیشم کے دو ارکان کے ووٹ درکار ہوں گے ۔ تلگودیشم نے تاحال اپنے فیصلہ کا اعلان نہیں کیا ہے ۔