یونانی ریسرچ سنٹر کے ہاسپٹل میں نئے بلاک اور لیبارٹری کا افتتاح ، مرکزی وزیر پرساد یسونائک کا خطاب
حیدرآباد۔30ستمبر(سیاست نیوز) یونانی کو دنیا کا سب سے مقبول ذریعہ علاج قراردیتے ہوئے مرکزی مملکتی وزیر برائے ایوش مسٹر پرساد یسونائیک نے کہاکہ حکومت ہند یونانی طریقہ علاج کے فروغ میںسنجیدگی کے ساتھ کام کررہی ہے۔آج یہاں ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن‘ ایر گڈہ حیدرآبادیونانی اسپتال کے نئے بلاک اور بائیو میڈیل لیباریٹری کی توسیع کے علاوہ نئے گیسٹ ہاوز کا سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرپرساد یسونائیک نے یونانی طریقہ علاج کو مزید فروغ دینے کے لئے حکومت ہند کی جانب سے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔انہوں نے سی سی آر یو ایم کی جانب سے یونانی طریقہ علاج کے متعلق کئے جارہے ریسرچ کی ستائش کی اور کہاکہ سفید دھبو ں اور دیگر امراض کے علاج پر کئے جانے والی تحقیق مذکورہ امراض کو ختم کرنے میںموثر ثابت ہوگی۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ 2014سے قبل یونانی اور ایوش کی کوئی علیحدہ وزارت نہیں تھی۔ مگر مرکزی حکومت کی جانب سے یونانی اور ایوش کے علاوہ دوسرے ہندوستانی طریقہ علاج کو محفوظ اور موثر بنانے کے اقدامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ انہوں نے کونسل کوآرڈینٹر آف یونانی میڈیسن بھی قائم کرنے کا اعلان کیا تاکہ یونانی اور ایوش طریقہ علاج کو ہندوستان میں مزید فروغ دیا جاسکے اور یونانی طریقہ علاج اور تحقیق کے لئے مرکز کی جانب سے معقول فنڈ جاری کرنے کا بھی وعدہ کیا ۔ قبل ازیںحکیم عبدالر زاق مرحوم کا سی سی آر یوایم کی جانب سے کارنامہ حیات ایوارڈ پیش کیاگیا اور یہ ایوارڈ حکیم عبدالرزاق کی اہلیہ محترمہ امہ فضل نے حاصل کرتے ہوئے حکومت ہند سے سنٹر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن کو حکیم عبدالرزاق کے نام سے موسوم کرنے کی اپیل کی جس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر پرساد یسونائیک نے ان کی اپیل پر بہت جلد فیصلہ لینے کا بھی تیقن دیا۔انہوں نے سنٹر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن کی تحقیقات کو اہمیت کا بھی قراردیا۔سکریٹری منسٹری آف ایوش حکومت ہند مسٹر اجیت ایم شرن کے علاوہ ڈاکٹر عبدالوحید‘ ڈاکٹر صفدر حسین ڈپٹی ڈائرکٹر سی سی آر ایم کے علاوہ دیگر نے بھی اس تقریب میںشرکت اور مخاطب کیا۔ تقریب کی کاروائی شریمتی آلوک آنندہ نے چلائی۔