تلنگانہ تحریک میں سرکاری ملازمین کا رول ناقابل فراموش
حیدرآباد۔17مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے قانون ساز کونسل انتخابات میں بی جے پی کو ووٹ دینا گویاتلگودیشم پارٹی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرنا ہے جس نے تشکیل تلنگانہ میںکافی رکاوٹیںپیدا کرنے کی کوششیں کی۔ ٹی جی اوز دفتر واقع نامپلی میں تلنگانہ ٹیچرس فیڈریشن کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ٹی آر ایس کے ایم ایل سی امیدواروں کی تائید میں منعقدہ اس جلسہ عام میں رکن قانون ساز کونسل سدھاکر ریڈی کے علاوہ فیڈریشن کے صدر جی ہرش وردھن ریڈی ‘ جنرل سکریٹری راگھو نندن‘ ملا ریڈی اوردیگر نے بھی مخاطب کیا۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات میںبھاری کامیابی کے بعد کونسل میں ٹی آر ایس پارٹی استحکام ریاست کی ترقی اور مستقبل کے تلنگانہ موافق فیصلوں میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک میں سرکاری ملازمین کے رول کو ناقابل فراموش قراردیتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل تلنگانہ کی عوام کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سرکاری ملازمین کے بشمول تلنگانہ کے تمام شعبے حیات کے لوگوں کی جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیر بنا۔انہو ںنے کہاکہ مخالف تلنگانہ سیاسی جماعتیں قائدین آج بھی ریاست تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ ریاست کی ترقی کے متعلق لائے جانیوالے ترقیاتی فیصلوں میںرکاوٹ کے لئے مرکزی حکومت کا سہارا لیکر تلنگانہ مخالفین ریاست کی بے مثال ترقی میں رکاوٹ بننے کی کوشش کررہے ہیں جس کو ٹی آر ایس پارٹی ہر گز کامیاب نہیں ہونے دی گی۔ انہوں نے تلنگانہ ٹیچرس فیڈریشن کے تمام ذمہ داران سے گریجویٹ کوٹہ سے تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے تمام امیدوارو ںکو کامیاب بناکر تلنگانہ قانون ساز کونسل میں ٹی آر ایس پارٹی کو طاقت ور بنانے کی اپیل کی۔اس موقع پر فیڈریشن کی جانب سے نائب وزیراعلی الحاج محمد محمو دعلی سے ٹیچرس کے مسائل پر تحریری نمائندگی بھی کی گئی۔