حیدرآباد /20 مارچ ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میں قانون ساز کونسل ارکان حلقہ گریجویٹ و حلقہ ٹیچرس کی مخلوعہ رکنیت کیلئے 22 مارچ کو منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے گذشتہ چند دنوں سے جاری انتخابی مہم کا آج شام اختتام عمل میں آیا ۔ پولنگ بوتھس کی نگرانی تحصیلدار کریں گے ۔ ان کیلئے ہر طرح کا انفراسٹرکچر کیا جائے گا ۔ حلقہ ٹیچرس میں شامل اضلاع نلگنڈہ ، ورنگل اور کھمم میں مختلف امیدواروں کی انتخابی مہم کافی زور و شور کے ساتھ جاری تھی اور ہر کوئی اپنی کامیابی کیلئے انتخابی مہم کے دوران ایڑی چوٹی کا زور لگاچکے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع نلگنڈہ میں 133 ورنگل میں 144 اور ضلع کھمم میں 123 مراکز رائے دہی قائم کئے گئے ہیں ۔ ضلع کلکٹر نلگنڈہ و ریٹرننگ آفیسر برائے کونسل انتخابات مسٹر ستیہ نارائنا ریڈی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس حلقہ میں جملہ 281192 گریجویٹ اساتذہ اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے ۔ 22 مارچ کو صبح 8 بجے سے رائے دہی کا آغاز ہوگا اور شام 4 بجے رائے دہی کا اختتام عمل میں آئے گا ۔ ضلع کلکٹر نلگنڈہ مسٹر ستیہ نارائنا ریڈی نے عوام (گریجویٹ اساتذہ ) سے اپنے ووٹ کا استعمال کرکے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کرنے کی پرزور اپیل کی ۔ تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام پولنگ بوتھس کی نگرانی کریں اور حکومت کو رپورٹ دیں ۔