کونسل انتخابات کیلئے ٹی آر ایس امیدواروں کو قطعیت

حیدرآباد۔12مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹر سمیتی نے تلنگانہ قانون ساز کونسل کی تین نشستوں کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے کابینی رفقاء سے مشاورت کے بعد ادارہ جات مقامی کے زمرہ میں جن تین قانون ساز کونسل کی نشستوں کیلئے انتخابات ہونے جا رہے ہیں ان پر ٹی آر ایس امیدواروں کو قطعیت دے دی ہے اور ٹی آر ایس قائدین کو ہدایت دی کہ ان امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ ضلع رنگا ریڈی سے پی مہیندر ریڈی‘ ضلع ورنگل سے پی سرینواس ریڈی کے علاوہ ضلع نلگنڈہ سے ٹی چنپا ریڈی کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ان امیدواروں کے انتخاب کے اعلان کے ساتھ ہی چیف منسٹر و صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے چندر شیکھر راؤ نے بی۔فارم حوالہ کرتے ہوئے ریاستی وزراء کو ہدیات دی کہ وہ ان امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔ٹی آر ایس کے تمام تین امیدوار 13 مئی کو اپنے پرچہ نامزدگی داخل کریں گے اور14مئی پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہے۔تلنگانہ قانون ساز کونسل کی تین مخلوعہ نشستوں پر 31 مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کی حکمت عملی کا چیف منسٹر سے جائزہ لیا۔