تلنگانہ بھون میں اجلاس ، لوک سبھاکیلئے امیدواروں کا دودن میں اعلان ، چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔11مارچ ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ و صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے چندر شیکھر راؤ نے اراکین اسمبلی پر ذمہ داری عائد کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں امیدواروں کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری اراکین اسمبلی کی ہوگی ۔ چیف منسٹر آج پارٹی ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون میں اراکین اسمبلی کو مخاطب تھے ۔ قانون ساز کونسل کے انتخابات کے پیش نظر تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے پارٹی کے ارکان اسمبلی کے لئے تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل لایا تھا ۔ اس موقع پر میڈیا کو بھی تلنگانہ بھون میں داخلہ کی اجازت نہیں تھی ۔ چیف منسٹر کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس میں رائے دہی کے طریقے اور ووٹ کے حق کے استعمال کی مشق کروائی گئی ۔ امکان ہے کہ کل بھی اسی طریقہ پر عمل کیا جائے گا اور اراکین اسمبلی راست تلنگانہ بھون سے اسمبلی کا رُخ کریں گے جس کیلئے پارٹی کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ حالانکہ کانگریس کی جانب سے کونسل انتخابات میں حصہ نہ لینے کے اعلان کے باوجود ٹی آر ایس پارٹی تمام تر احتیاطی اقدامات کو اہمیت دے رہی ہے ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی ٹی آر ایس کے ارکان کے ساتھ حریف جماعت کے رکن کو بھی کامیاب کروان کی کوشش کررہا ہے اور آج اس حریف پارٹی کے امیدوار کا پارٹی اراکین سے تعارف بھی کروایا گیا ۔ اس موقع پر چیف منسٹر تلنگانہ پارٹی سربراہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست کے 17حلقوں کے بشمول 16پر ٹی آر ایس اور ایک پر حلیف جماعت کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے امیدواروں کے اعلان کے متعلق تجسس کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو دنوں میں لوک سبھا حلقوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا ۔ پارٹی نے اپنے انتخآبی تشہیری شیڈول کا بھی اشارہ کردیا اور کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 17مارچ سے مہم کا آغاز کریں گے ۔ پہلا اجلاس کریم نگر میں منعقد ہوگا اور 19مارچ کو دوسرا اجلاس نظام آباد میں ہوگا جبکہ کے ٹی آر نے اپنے پہلے مرحلہ کی انتخابی مہم کا اختتام کیا ہے ۔