کونسل امیدوار محمد فرید الدین کا ادخال پرچہ نامزدگی

بلامقابلہ منتخب ہونے کا قوی امکان ‘ ٹی آر ایس قائدین کی مبارکباد اور نیک تمنائیں
حیدرآباد ۔ 3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) سابق وزیر اور ٹی آر ایس کے سینئر قائد محمد فریدالدین نے آج قانون ساز کونسل کی نشست کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مخلوعہ نشست کے لئے محمد فریدالدین کے نام کو قطعیت دی ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے آخری دن آج محمد فریدالدین نے 2 بجے دن ریٹرننگ آفیسر راجا سدارام کو پرچہ نامزدگی کے کاغذات حوالے کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، وزیر امور مقننہ ہریش راؤ ، ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی ، ارکان مقننہ فاروق حسین ، محمد سلیم ، چنتا پربھاکر ، مدن ریڈی ، مہیپال ریڈی ، سدھاکر ریڈی، بھوپال ریڈی ، نارا لکشمن داس ، رام لنگا ریڈی کے علاوہ پارٹی کے سینئر قائدین موجود تھے۔ قبل ازیں محمد فریدالدین نے چیف منسٹر کے چندر شیکھرراو سے ملاقات کی اور قانون ساز کونسل کیلئے نامزدگی پر اظہار تشکر کیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فریدالدین نے کہا کہ چیف منسٹر نے 3 ماہ قبل ان کے نام کا اعلان کیا تھا اور اپنے وعدہ کے مطابق انہوں نے بی فارم حوالے کیا۔ انہوںنے کہا کہ چیف منسٹر نے ان سے عوام کی خدمت کے سلسلہ میں جو توقعات وابستہ کی ہیں ، وہ ان پر کھرا اترنے کی کوشش کریں گے ۔  انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی بھلائی کیلئے کئی ایک اقدامات کر رہی ہے ۔ وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ حکومت کی اسکیمات کے فوائد اقلیتوں تک پہنچ سکے۔ اور اسکیمات پر موثر انداز میں عمل آوری ہو۔ محمد فریدالدین جن کا تعلق میدک ضلع کے ظہیر آباد سے ہے، کونسل کیلئے نامزد کئے جانے پر بڑی تعداد میں ان کے حامی ظہیرآباد سے قانون ساز کونسل پہنچے تھے اور وہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے وقت موجود رہے۔ اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کا احساس ہے کہ چیف منسٹر کابینہ میں مجوزہ توسیع میں فریدالدین کو شامل کرتے ہوئے اقلیتی بہبود کی ذمہ داری دیں گے  ۔ قانون ساز کونسل کی ایک نشست کیلئے آج آخری دن ٹی آر ایس کی جانب سے محمد فریدالدین کا پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا اور اب تک صرف ایک ہی پرچہ نامزدگی داخل ہوا ہے جس سے ان کا متفقہ انتخاب یقینی ہوچکا ہے۔ کل 4 اکتوبر کو پرچہ نامزدگی کی جانچ کی جائے گی اور 6 اکتوبر تک نامزدگی واپس لینے کا موقع رہے گا ۔ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے متفقہ انتخاب کا اعلان  6 اکتوبر کو کیا جاسکتا ہے ۔