کونسل ارکان کی مخلوعہ نشستیں ،آج اعلامیہ کی اجرائی

حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل میں ادارہ جات مقامی کوٹہ کے تحت منتخبہ تین ارکان کونسل کے مستعفی ہوجانے کی وجہ سے مخلوعہ تین کونسل ارکان کی نشستوں کے لیے انتخابات منعقد کرنے کے سلسلہ میں ’ انتخابی اعلامیہ ‘ کی آج اجرائی عمل میں آئی ۔ اسطرح ارکان کونسل انتخابات کے لیے آج سے ہی پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کا عمل شروع ہوگیا ۔ یہ انتخابات متحدہ اضلاع نلگنڈہ ، ورنگل اور رنگاریڈی کے ادارہ جات مقامی کوٹہ ارکان کونسل کے حلقوں کے لیے منعقد ہوں گے جب کہ مسرس کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد کونسل رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ۔ اسی طرح مسٹر کونڈا مرلی نے پارٹی تبدیل کرنے کی وجہ سے کونسل رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ۔ علاوہ ازیں مسٹر پی نریندر ریڈی نے بھی رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد کونسل رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ۔ جب کہ ان تینوں ارکان کونسل کی میعاد ماہ جنوری 2022 میں مکمل ہونے والی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ متحدہ اضلاع کے موجودہ ارکان زیڈ پی ٹی سیز ، ایم پی ٹی سیز ، ارکان بلدیات ہی ان کونسل ارکان انتخابات میں ووٹ دینے کے مجاز ہیں کیوں کہ موجودہ زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز کی میعاد ماہ جولائی کی 2 تاریح تک پائی جاتی ہے ۔ اس طرح ارکان کونسل کے ان ضمنی انتخاب کے لیے جاریہ ادارہ جات مقامی ضلع پریشدوں و منڈل پریشدوں کے زید پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز کے منتخب ارکان کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل نہیں رہے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تین کونسل ارکان کی مخلوعہ نشستوں کے لیے منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کی آخری تاریخ 14 مئی ہوگی ۔ 15 مئی کو پرچہ جات نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی اور پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرنے کی آخری تاریخ 17 مئی ہوگی اور انتخابات منعقد کرنے کی ضرورت پڑنے پر جاریہ ماہ 31 مئی کو رائے دہی منعقد کی جائے گی اور 3 جون کو ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے فوری بعد نتائج کا اعلان کیا جائیگا ۔۔