کونسلنگ کے فوری آغاز کا مطالبہ

طلبہ کے مستقبل کو داؤ پر لگانے کی مخالفت: رگھوویرا ریڈی
حیدرآباد /5 اگست (سیاست نیوز) صدر آندھرا پردیش کانگریس رگھوویرا ریڈی نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لئے فوری کونسلنگ کا مطالبہ کیا۔ آج اندرا بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں نے اپنے اپنے سیاسی مفادات کے لئے طلبہ کے مستقبل کو داؤ پر لگادیا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کی اُلجھن دُور کردی، لہذا دونوں حکومتوں کو چاہئے کہ کسی تاخیر کے بغیر کونسلنگ کا فوری آغاز کریں اور طلبہ کو دوسری ریاستوں کا رخ کرنے سے روکیں۔ انھوں نے فیس باز ادائیگی مسئلہ کو متنازعہ بنانے کی بجائے دونوں چیف منسٹرس کے چندر شیکھر راؤ اور این چندرا بابو نائیڈو کو ملاقات اور مذاکرات کے ذریعہ مسئلہ حل کرنے کا مشورہ دیا۔ صدر آندھرا پردیش کانگریس نے نئی راجدھانی کے قیام کے لئے صرف چند شخصیتوں کے مفاد کو پیش نظر رکھ کر عجلت میں فیصلہ نہ کرنے پر زور دیا۔ علاوہ ازیں چندرا بابو نائیڈو اور مرکزی حکومت کو مشورہ دیا کہ کسی فیصلہ سے قبل کل جماعتی اجلاس طلب کرکے تمام جماعتوں کے قائدین کی رائے حاصل کی جائے۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار کے دو ماہ گزرنے کے باوجود چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کسانوں اور ڈاکرا گروپ کے قرضوں کی معافی، بیروزگاری بھتہ اور ہر گھر کو ملازمت دینے کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا، صرف مختلف موضوعات پر وہائٹ پیپرس جاری کرکے عوام کو سرکاری خزانہ خالی ہونے کا تاثر دے رہے ہیں، تاکہ وہ اپنے وعدوں سے انحراف کرسکیں۔