حیدرآباد۔/11فبروری ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن ویمن پولیس اسٹیشن کے کونسلنگ سنٹر کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب شوہر نے اپنی بیوی اور سسرالی رشتہ داروں پر مبینہ طور پر حملہ کردیا۔ سیف آباد پولیس کے بموجب 18سالہ غوثیہ بیگم ساکن چندرائن گٹہ کی شادی ایک سال قبل بوئن پلی کے نواز سے ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ شادی کے چند دن بعد ہی دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے جس کے سبب غوثیہ بیگم نے سی سی ایس پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔ نواز کو کونسلنگ کیلئے پولیس نے دو مرتبہ طلب کیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہوا۔ آج شام اس نے کونسلنگ سنٹر کے قریب پہنچ کر ساس اور برادر نسبتی پر مبینہ طور پر حملہ کردیا۔ اس جھگڑے کو روکنے کی کوشش پر سی سی ایس عہدیداروں کو بھی زدوکوب کیا گیا۔