کومٹ ریڈی کے مسئلے پر تادیبی کمیٹی کی کارروائی ملتوی

حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کی تادیبی کمیٹی کا آج گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہوا۔ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے قریبی رشتہ دار کے انتقال کے باعث جواب کیلئے مزید انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈسپلن شکنی کے خلاف کانگریس کی تادیبی کمیٹی نے پہلی وجہ نمائی نوٹس کے جواب سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوسری نوٹس دی تھی جس کی آج آخری مہلت تھی۔ صدر تادیبی کمیٹی کودنڈا ریڈی نے بتایا کہ آج بھی اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم کومٹ ریڈی کے رشتہ داروں نے کمیٹی کو ٹیلی فون کرتے ہوئے بتایا کہ فیملی میں قریبی رشتہ دار کے انتقال سے کومٹ ریڈی صدمہ کا شکار ہیں اور فی الوقت جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں۔