رکن اسمبلی کی بحالی پر بڑے پیمانے پر جشن ، پروٹوکال کی تمام سہولتیں فراہم کرنے پر زور
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائد کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے انہیں رکن اسمبلی تسلیم کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پروٹوکال کی تمام سہولتیں اور سیکوریٹی بحال کرنے پر زور دیا ۔ کانگریس کو اقتدار میں لانے کے لیے تمام قائدین کو متحد ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ واضح رہے کہ آج کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی سالگرہ ہے ۔ ان کے حامیوں نے قیام گاہ پہونچ کر بڑے پیمانے پر جشن منایا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے بھی انہیں بحیثیت رکن اسمبلی مخاطب کرتے ہوئے سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ۔ جس پر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے انہیں رکن اسمبلی تسلیم کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے ان کی درازی عمر اور عوامی خدمات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ وہ ان کی سیکوریٹی اور پروٹوکال پر نظر ثانی کے مسئلہ کو کیوں نظر انداز کررہے ہیں ۔ اسمبلی بجٹ سیشن کے دوران صدر نشین تلنگانہ قانون ساز کونسل پر حملہ کرنے کے الزام میں کانگریس کے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کردی گئی تھی ۔ جس کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے پر کانگریس ارکان اسمبلی کے حق میں فیصلہ آیا تھا ۔ ان کی اسمبلی رکنیت بحال کرنے کی ہائی کورٹ نے ہدایت دی تھی ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اسمبلی میں احتجاج کرنے پر ان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کردی ۔ اسمبلی کی قرار داد کو ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دیا تھا باوجود ان کی اسمبلی رکنیت ابھی تک بحال نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا احترام ہے تو حکومت فوری انہیں پروٹوکال کی تمام سہولتیں اور سیکوریٹی بحال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ان کی سیکوریٹی ہٹاکر دوسری طرف چیف منسٹر ان کی لمبی عمر کی دعائیں دے رہے ہیں ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس میں سب چیف منسٹرس ، ارکان اسمبلی اور صدور پردیش کانگریس کمیٹی ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ 30 سال سے کانگریس میں ہے مگر انہیں کچھ نہیں ملا ابھی ابھی کانگریس میں شامل ہونے والے ریونت ریڈی کو جلد بازی سے گریز کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی بھی ریونت ریڈی کو چیف منسٹر عہدے کا اہل قرار دے رہے ہیں جب کہ وہ بھی چیف منسٹر عہدے کے لیے پوری طرح اہل ہیں ۔ ماضی میں بغیر کسی اہلیت کے کرن کمار ریڈی چیف منسٹر بن جانے کی دلیل پیش کی ۔ انہوں نے کانگریس کے تمام قائدین کو متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے کانگریس کو اقتدار دلانے کے لیے کمر بستہ ہوجانے کا مشورہ دیا ۔۔