بڑے بھائی کی شکست پر اظہار افسوس ، کانگریس کے منتخب رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال کا ادعا
حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے اپنے بڑے بھائی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ لوک سبھا کے انتخابات میں مقابلہ کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ وہ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی محاذ کی شکست پر کانگریس ہائی کمان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے خصوصی منصوبہ کے تحت لوک سبھا کے انتخابات میں مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ نلگنڈہ سے ان کے بھائی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی شکست پر افسوس ہے ۔ جس کی وجہ سے وہ اور نکریکل سے سی لنگیا کی کامیابی کے باوجود ہم جشن نہیں منا رہے ہیں مگر آئندہ 4 تا 5 ماہ بعد لوک سبھا کے انتخابات منعقد ہونے والے ہیں تب ہم کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی کامیابی کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں گے ۔ انہوں نے عوامی فیصلے کو قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی نے ضلع نلگنڈہ کی ترقی کے لیے کافی کام کیا ہے ۔ باوجود ان کی شکست سے صدمہ پہونچا ہے ۔ ہم چاہتے تھے کہ ایک ہی گاؤں سے تین ایم ایل اے اسمبلی کو پہونچے مگر ممکن نہ ہوسکا ۔ انہوں نے ان کی کامیابی کے لیے کام کرنے والے اسمبلی حلقہ جات مونگوڈو اور نکریکل کے عوام اور پارٹی کارکنوں اور پیپلز فرنٹ کے قائدین سے اظہار تشکر کیا ۔ عوام کے درمیان میں رہ کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔۔