حیدرآباد ۔ 24ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کی تادیبی کمیٹی نے کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے جواب سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوبارہ وجہ نمائی نوٹس روانہ کی ہے ۔ کانگریس ہائی کمان کی جانب سے تلنگانہ کیلئے الیکشن کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے عہدے حاصل کرنے والے قائدین کے خلاف تنقید کی تھی ‘ یہاں تک اے آئی سی سی انچارج آر سی کنٹیا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کانگریس تادیبی کمیٹی نے انہیں وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے دو دن میں جواب دینے کی مہلت دی تھی ۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے آج مہربند لفافے میں اپنا جواب تادیبی کمیٹی کو روانہ کیا تھا۔