8 اپریل کو بھونگیر کا دورہ کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا بھونگیر سے کانگریس امیدوار کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے ہمراہ حیدرآباد میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ انہوں نے بھونگیر میں انتخابی ریالی سے خطاب کرنے کی خواہش کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 8 اپریل کو دوبارہ تلنگانہ کا دورہ کرنے کی راہول گاندھی سے اپیل کی گئی۔ ملکاجگیری، بھونگیر اور سکندرآباد لوک سبھا حلقوں میں روڈ شو منعقد کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ راہول گاندھی دوبارہ 8 اپریل کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ ملاقات کے دوران راہول گاندھی نے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے سوال کیا کہ ان کی کامیابی کے امکانات کس حد تک ہیں، جس پر وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ان کی کامیابی یقینی ہے اور عوام میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھونگیر اور نلگنڈہ میں رائے دہندوں کا رجحان کانگریس کی طرف ہے۔