کومٹ ریڈی اور سمپت کمار کی کل دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات

حیدرآباد۔19 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار 20 اپریل کو دہلی پہنچ کر راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ بعدازاں وہ ایک وفد کے ساتھ چیف الیکشن کمیشن سے بھی ملاقات کریں گے۔ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ پر حملہ کرنے کے الزام میں کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اس سلسلے میں اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ریاست میں 2 اسمبلی حلقوں کی نشستیں مخلوعہ ہونے سے الیکشن کمیشن کو بھی واقف کراتے ہوئے ضمنی انتخابات کرانے پر زور دیا گیا تھا تاہم ہائیکورٹ نے تین دن قبل دو ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کرتے ہوئے اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔ اس کی اطلاع پارٹی ہائی کمان تک پہونچنے پر راہول گاندھی نے دونوں ارکان اسمبلی کو دہلی طلب کیا ہے۔ وہ 20 اپریل کو راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ ان کے ساتھ ٹی آر ایس نے جو ناانصافی کی ہے، اس سے واقف کرائیں گے۔ اس کے بعد کانگریس کے ایک وفد سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی ایڈوکیٹ دندھیال روی شنکر سابق رکن قانون ساز کونسل بی کملاکر راؤ کے ساتھ چیف الیکشن کمیشن سے ملاقات کرتے ہوئے ہائیکورٹ کے فیصلے سے انہیں واقف کرائیں گے۔