حیدرآباد۔/21مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کانگریس قائدین کے ایک وفد نے آج دہلی پہنچ کر الیکشن کمیشن سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس کے دوارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت غیرقانونی طور پر منسوخ کردینے کی شکایت کی۔ اسمبلی سکریٹری کو راجیہ سبھا انتخابات کے ریٹرننگ آفیسر کی حیثیت سے ہٹادینے کامطالبہ کیا۔ اس وفد میں سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سمپت کمار کانگریس کے رکن راجیہ ایم اے خان، کانگریس کے رکن قانون سام کونسل راجگوپال ریڈی، اے آئی سی سی رکن جی نرنجن کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ششی دھر ریڈی نے کانگریس کے ارکان اسمبلی کی رکنیت غیر قانونی طور پر منسوخ کرنے کا تلنگانہ حکومت پر الزام عائد کیا۔ فیصلہ کرنے سے قبل دو ارکان اسمبلی سے وضاحت طلب نہیں کی گئی اور نہ ہی ثبوت دکھایا گیا ہے۔ راجیہ سبھا کے انتخابات کیلئے اسمبلی سکریٹری جو ریٹرننگ آفیسر کی خدمات انجام دے رہے ہیں وہ حکومت کے دباؤ میں کام کررہے ہیں۔ ووٹر لسٹ سے کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کا نام خارج کردینے کا الزام عائد کیا۔ الیکشن کمیشن سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کے نام کو فہرست رائے دہندگان میں شامل کرائے۔