کولکتہ ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کولکتہ میں گذشتہ روز ایک 50 سالہ پل کا ایک حصہ منہدم ہونے کے ایک دن بعد عہدیداروں نے آج کہا کہ ماجرہاٹ پل کے ملبہ میں ہنوز کچھ لوگ پھنسے رہنے کا اندیشہ ہے۔ ڈائمنڈ ہاربر روڈ پر منگل کی شام اس پل کا ایک حصہ منہدم ہوجانے کے سبب ایک شخص ہلاک اور دیگر کئی لوگ ملبہ میں پھنس گئے تھے۔ وہاں موجود کئی گاڑیاں ملبہ تلے کچلی گئی تھیں۔ راحت ٹیموں کے عملہ نے کنکریٹ کے منعقدہ سلاب کو ٹکڑے کرنے ڈرلرس اور کٹنگ مشینوں کا استعمال کیا تھا۔ ملبہ میں پھنسے تمام افراد کو باہر نکالنے ان تک رسائی کو یقینی بنانے خصوصی تربیت یافتہ ڈاگ اسکواڈ استعمال کیا گیا تھا۔ راحت ٹیم کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’ملبہ میں پھنسے کسی شخص کا تاحال کوئی پتہ نہیں چلایا جاسکا ہے۔ ہم اپنی ممکنہ بہترین کوششوں میں مصروف ہیں‘‘۔