کولکتہ ۔ 15 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت کے زیر انتظام کولکتہ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے JNNURM اسکیم کے تحت 632 بسوں میں سی سی ٹی ویز نصب کردئیے تاکہ مسافرین بالخصوص خواتین کے سفر کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ CSTC کے مینجنگ ڈائرکٹر بھیشما دیب داس گپتا نے بتایا کہ جے این این یو آر ایم پراجکٹ I کے تحت شہری بسوں میں جدید آلات بشمول 3 سی سی ٹی ویز نصب کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ایک بس میں 2 سی سی ٹی ویز ایک بالکلیہ سامنے اور دوسرا درمیان میں اور تیسرا پچھلے دروازہ کے اوپر نصب رہیں گے ۔ جب کہ بس کے باہر نصب کیمرہ سڑکوں پر دیگر گاڑیوں کی حمل و نقل کو ریکارڈ کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بسوں میں سی سی ٹی ویز کی تنصیب سے خاتون مسافرین بالخصوص رات کے اوقات میں اپنے آپ کو محفوظ تصور کریں گے ۔ اور وہ بغیر کسی ڈر و خوف کے مکمل اعتماد کے ساتھ سفر کرسکتی ہیں اور سی سی ٹی ویز کی ریکارڈنگ 3 یوم تک محفوظ رکھی جائے گی اور عوام اندرون 3 یوم ، چوری ، پاکٹ ماردینے ، ڈرائیور اور کنڈاکٹر کے غیر شائستہ سلوک اور دیگر مسائل کے بارے میں شکایت کرسکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں یہ کیمرے ، سڑک حادثات کی تحقیقات میں کارکرد ثابت ہوں گے ۔