کولکتہ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت مغربی بنگال نے آئی پی ایس کیڈر میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے ریاستی پولیس کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (امن و ضبط) انوج شرما کو راجیو کمار کے بجائے کولکتہ کا نیا کمشنر پولیس مقرر کیا ہے۔ راجیو کمار سٹی پولیس سربراہ کی حیثیت سے اپنی تین سالہ میعاد پوری کرچکے ہیں جنھیں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل کریمنل انوسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سبکدوش کمشنر راجیو کمار حالیہ عرصہ کے دوران شاردا چٹ فنڈ اسکام کے ثبوتوں میں توڑ جوڑ میں اپنے مبینہ رول کے بارے میں ایک تنازعہ کا شکار ہوئے تھے۔ سی بی آئی نے اس ضمن میں ان سے شیلانگ میں پانچ دن تک پوچھ گچھ کی تھی۔ جب سپریم کورٹ نے اُنھیں (راجیو کمار کو) اس مرکزی تحقیقاتی ادارہ میں حاضری کی ہدایت کی تھی۔ الیکشن کمیشن کے قاعدہ کے مطابق کسی ایک عہدہ پر تین سال کی میعاد مکمل کرنے والے کسی بھی آئی اے ایس یا آئی پی ایس افسر کا انتخابات سے قبل تبادلہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔