کولکتہ میں مودی کے ہیلی کاپٹر کو لینڈنگ کی اجازت سے انکار

کولکتہ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں مودی کی ریالی سے قبل بی جے پی نے آج کہاکہ فوج نے کولکتہ ریس کورس پر نریندر مودی کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کی اجازت دینے سے لمحہ آخر میں انکار کردیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ یہ مرکز کی سازش ہے۔ مغربی بنگال بی جے پی یونٹ کے صدر راہول سنہا نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’مودی جی بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ پر کل ریالی سے خطاب کرنے کے لئے پہونچنے والے تھے لیکن فوج نے اُن کے ہیلی کاپٹر ریس کورس پر لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ فوج کے مطابق ریس کورس گراؤنڈ کو صرف صدر یا وزیراعظم کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے اور کسی سیاسی شخص کے لئے اِس کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔ راہول سنہا نے کہاکہ ’’اگر وہ دو یا تین دن قبل ہمیں مطلع کئے ہوتے تو ہم متبادل انتظام کرسکتے تھے لیکن مرکزی حکومت نچلے سیاسی حربوں میں ملوث ہورہی ہے‘‘۔ سنہا نے کہاکہ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو نیتاجی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ریس کورس لانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا تاکہ ٹریفک کی رکاوٹوں سے گریز کیا جاسکے لیکن لمحہ آخر میں اجازت سے انکار کردیا گیا جو مبینہ طور پر مرکزی یو پی اے حکومت کی سازش ہے۔

بدصورتی کی وجہ سے
نوجوان کی خودکشی
غازی آباد۔/4فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک 25سالہ نوجوان جو ایک کال سنٹر میں ملازمت کرتا تھا، اس نے اتوار کے روز خودکشی کرکے پولیس کو بھی تذبذب میں مبتلاء کردیا۔ متوفی جیون سرکار مغربی بنگال کے سلیگوڑی کا ساکن تھا اور نوئیڈا سے مربوط ایک کال سنٹر میں ملازمت کیا کرتاتھا۔ اس نے ایک سال قبل غازی آباد منتقل ہوکر ملازمت کا سلسلہ جاری رکھا تھا۔ پولیس نے بتایاکہ متوفی اپنے کرائے کے کمرے میں پھانسی پرلٹکا ہوا پایا گیا۔ اس کی جیب سے دو خودکشی نوٹس برآمد ہوئے جس سے یہ انکشاف ہوا کہ اس نے اپنی خودکشی کی تاریخ چھ ماہ پہلے ہی تعین کرلی تھی۔ متوفی جیون سرکار اپنی بدصورتی سے نالاں تھا اور خود کو اپنے دوستوں کے درمیان احساس کمتری میں مبتلا پاتا تھا۔