کولکتہ میں عمارت منہدم ایک ہلاک ،دو زخمی

کولکتہ ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک چار منزلہ عمارت جو وسطی کولکتہ کے علاقہ پوسٹا میں اور انتہائی بوسیدہ تھی، آج منہدم ہوگئی جس کی وجہ سے ایک خاندان کا ایک رکن ہلاک اور دیگر دو شدید زخمی ہوئے۔ دیگر تین افراد عمارت منہدم ہونے کے بعد ایک کمرہ کے ملبہ میں پھنس گئے جنہیں مقامی شہریوں اور فائر بریگیڈ کے ارکان عملہ نے کھینچ کر باہر نکالا اور انہیں کولکتہ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں شریک کردیا۔ ان میں سے ایک شخص تاراپرسنا کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ دیگر زخمی نازک حالت میں دواخانہ میں شریک ہیں۔ فوری طور پر ان کے رشتہ داروں کا پتہ نہیں چل سکا اور یہ بھی نہیں معلوم ہوسکا کہ کیا عمارت میں دیگر افراد بھی موجود تھے۔ پولیس اور عوام نے اس عمارت کو پہلے ہی خطرناک قرار دیا تھا۔ علاقہ کا محاصرہ کرلیا گیا ہے اور دیگر تمام عمارتوں کا تخلیہ کروایا گیا ہے۔