بگوٹا، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کولمبیا کے ساحلی شہر برانکولا میں پولیس تھانہ کے باہر ہوئے دھماکے میں پانچ پولیس اہلکاروں کی موت ہو گئی اور 42 دیگر زخمی ہو گئے ۔میٹروپولیٹن پولیس کمانڈر بریگیڈیر جنرل ماریانو ڈی لا کروز بوٹیرو نے بتایا کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب اپنے دن کی ڈیوٹی کا آرڈر لینے کے لئے پاس کے سان ہوزے میں تمام پولیس اہلکار جمع ہوئے تھے ۔انہوں نے شہر میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "ہمیں لگتا ہے کہ حال میں چلائی گئی مہم کے دوران خاص طور سے متاثر جرائم پیشہ گروہ نے انتقاماً اس واقعہ کو انجام دیا”۔دھماکہ کرنے میں ملوث جرائم پیشہ افراد کے بارے میں معلومات دینے پر 50 ملین پیسو (تقریبا 18،000 امریکی ڈالر) کا انعام دینے کی پیشکش کی گئی ہے ۔مسٹر بوٹیرو نے بتایا کہ بم دھماکے کے واقعہ کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ گرفتار شخص نے نہ صرف بم رکھا تھا بلکہ آلے کی مدد سے دھماکے کو بھی انجام دیا تھا۔ پولیس کو دیگر مجرموں کے بھی اس میں شامل ہونے کا شبہ ہے ۔صدر جوآن مینوئل سینتوس نے مارے گئے پولیس اہلکاروں کے تئیں گہر ے رنج و غم اور زخمیوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "جب تک واقعہ کے حملہ آوروں کو سزا نہیں ہوتی تب تک ان کی حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔”کولمبیا میں بہت سے مجرم گینگ سرگرم ہیں۔ بہت سے گینگ منشیات ، کوکین کی پیداوار اور اسمگلنگ میں ملوث ہیں جو کہ بڑے پیمانے پر امریکہ اور یوروپ بھیجا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں بھی یہ گروہ شامل ہیں۔