کوریائی جنگی مہلوکین کے باقیات امریکہ لائے جائیں گے

واشنگٹن۔ 18جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے امید ظاہر کی ہے کہ شمالی کوریا دو ہفتوں کے اندر کوریائی جنگ میں مہلوکین تقریبا 50 امریکی لوگوں کے باقیات کو واپس کر دے گا۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مطابق شمالی کوریا نے کوریائی جنگ میں مارے گئے ہزاروں لوگوں کے باقیات کو لوٹانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔امریکی محکمہ دفاع کے ایک سینئر افسر نے منگل کو اس بات کی اطلاع دی۔شمالی کوریا کب اور کتنے لوگوں کے باقیات کو لوٹائے گا یہ ابھی طے نہیں ہے . اس سلسلے میں امریکہ اور شمالی کوریا کے حکام کے درمیان اتوار اور پیر کو بات چیت بھی ہوئی تھی۔صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 12 جون کو سنگاپور میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ تاریخی سربراہی مذاکرات کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ مسٹر کم 1950-53 کے دوران کوریائی جنگ میں مارے گئے امریکی عوام کے باقیات کو لوٹانے پر اتفاق کیا ہے ۔سربراہی مذاکرات کے دوران شمالی کوریا نے امریکہ کے ساتھ ایک تاریخی سمجھوتہ کرکے جزیرہ نما کوریا سے نیوکلیئر ہتھیار ختم کرنے کی سمت میں کام کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان امن اور خوشحالی کے عزائم کو ظاہر کیا تھا۔اس ماہ امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے شمالی کوریا کا دورہ کرکے اس پر نیوکلیئر ہتھیار ختم کرنے کے وقت کادباؤ بنانے کے ساتھ ساتھ کوریائی جنگ میں مارے گئے امریکی عوام کے باقیات کو لوٹانے کے ایک منصوبہ کا بھی ذکر کیا۔واضح رہے کہ کوریائی جنگ میں جنوبی کوریا کی جانب سے شمالی کوریا کے خلاف لڑتے ہوئے امریکہ کے تقریباً 7,007 فوجی ہلاک ہو گئے تھے ۔